حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک بیداری امت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم گلگت پاکستان کے زیر اہتمام "وحدت دین کی بنیاد اور تفرقہ دشمن کا ہتھیار“ کے عنوان سے ایک عظیم الشان کانفرنس“ منعقد ہوئی۔ جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علمائے کرام، دانشور حضرات، صحافت اور سماج سے تعلق رکھنے والے اکابرین اور سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، خطباء نے اپنی فکر انگیز تقاریر کے زریعے اتحاد، بھائی چارہ گی امن و آشتی کا پیغام دیا اور امت کے اتحاد و وحدت کیلئے مؤثر اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔
رپورٹ کے مطابق، تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء و اکابرین نے اتحاد و وحدت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے نریندر مودی کے پاکستان اور گلگت بلتستان کے حوالے سے ناپاک عزائم رکھنے پر اظہار تشویش کیا اور وطن عزیز پاکستان کے ساتھ محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو ناامید کردیا۔
واضح رہے کہ اس عظیم الشان کانفرنس میں گلگت، چلاس، نگر، ہنزہ، استور، سکردو اور غذر سے سماجی، سیاسی و مذہبی سکالرز دانشور حضرات نے بھرپور شرکت کی اور کانفرنس کے اختتام پر شیعہ سنی اتحاد کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ساتھ نماز جماعت پڑھائی گئی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ کانفرنس "وحدت دین کی بنیاد اور تفرقہ دشمن کا ہتھیار“ تحریک بیداری امت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جانب سے منعقد ہوئی تھی۔